سپریم کورٹ نے عدالتی و ادارہ جاتی اصلاحات پر جامع رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق جامع رپورٹ ”جرنی تھرو ریفارم اینڈ انوویشن 2026“ جاری کردی، جس میں نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کی اصلاحات اور پیش رفت کی تفصیلات شامل ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق رپورٹ میں مقدمات کے مؤثر انتظام، زیرِ التوا مقدمات میں کمی، ڈیجیٹل نظام کی بہتری اور عوام کی انصاف تک رسائی آسان بنانے کے اقدامات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالتی اصلاحات کے لیے 86 نکاتی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی پیش رفت بھی شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے نگرانی کا منظم نظام، خصوصی ورکنگ گروپس اور باقاعدہ جائزے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں مقدمات کے فیصلوں کی تعداد بڑھانے اور طویل عرصے سے زیرِ التوا مقدمات کو نمٹانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس کے علاوہ عدالتی کارکردگی کی نگرانی کے لیے ڈیٹا پر مبنی نظام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کی ڈیجیٹل خدمات میں توسیع اور عدالتی طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق اقدامات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے تحت ملک بھر میں جاری عدالتی اصلاحات کی پیش رفت بھی اس میں شامل کی گئی ہے۔
رپورٹ میں اصلاحات کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ عدالتی نظام میں مزید بہتری کے لیے جاری اقدامات کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔








