وزیراعظم کی ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیماری سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ بچاؤ اور عوامی آگاہی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم سے ذیابیطس کے علاج سے متعلق قومی اور بین الاقوامی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام، عوامی آگاہی اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، خصوصاً کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولات اپنانے کے حوالے سے قومی سطح پر آگاہی مہم چلانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائی جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے واضح پالیسی اور قابلِ عمل منصوبہ بندی ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تحقیق، آگاہی اور احتیاطی اقدامات کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے اور دیگر ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

ملاقات میں شریک طبی ماہرین پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔ وفد کے ارکان نے ذیابیطس کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News