خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی، دیگر اضلاع میں گورنر راج کی تجویز
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے میں آٹھ سابق قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور انتظامی امور چلانے کے لیے فاٹا کونسل تشکیل دینے کی تجویز شامل ہے۔
ایمرجنسی کے لیے زیرِ غور اضلاع میں کرم، اپر جنوبی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ فاٹا کونسل کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے، جبکہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس اور ہر ضلع سے چار مقامی نمائندے بھی کونسل میں شامل ہوں گے۔ کونسل امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر انتظامی معاملات کی نگرانی کرے گی۔
اطلاعات کے مطابق کونسل وفاق کے زیرِ انتظام کام کرے گی، جبکہ صوبے کے باقی اضلاع میں گورنر راج نافذ کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں اس معاملے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے








