گورنر ہاؤس پر چڑھائی کی تو سہیل آفریدی کی گرفتاری کا حکم دیں گے، فیصل کریم کنڈی

گورنر ہاؤس پر چڑھائی کی تو سہیل آفریدی کی گرفتاری کا حکم دیں گے، فیصل کریم کنڈی

پشاور (ویب ڈیسک): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ، ایمرجنسی لگانے یا دونوں اقدامات سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مزید مذاکرات کے امکان کو بھی مسترد کردیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی نے گورنر ہاؤس پر چڑھائی کی تو وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی گرفتاری کا حکم دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیر قانونی اقدام کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مردان پہنچ گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 13 اکتوبر کو صوابی میں لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ مخالفین پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کو نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کے تحت اس کا حصہ نہیں دیا جا رہا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیان کے بعد گورنر ہاؤس کی جانب مارچ، صوبے میں ممکنہ انتظامی اقدامات اور وفاقی کابینہ کے فیصلے پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔ تاہم، گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

More News