اسپیکر بابر سلیم سواتی کا آئی جی پولیس کو ہنگامی مراسلہ، ارکان اسمبلی کی سیکیورٹی فوری بحال کرنے کا مطالبہ
پشاور:اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبائی اسمبلی کے ارکان کی سیکیورٹی واپس لینے یا منقطع کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو سیکیورٹی کی فراہمی اسمبلی (اختیارات، استثنیٰ اور مراعات) ایکٹ 2026 کے تحت قانونی تقاضوں سے مشروط ہے، لہٰذا مناسب قانونی جواز اور مقررہ طریقۂ کار پر عمل کیے بغیر کسی بھی رکن کی سیکیورٹی واپس نہیں لی جاسکتی۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی اسمبلی کے کسی بھی رکن کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کو قانونی جواز کے بغیر واپس نہ بلایا جائے اور نہ ہی ان کی تعیناتی ختم کی جائے۔
مراسلے میں ان ارکان اسمبلی کی سیکیورٹی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جن کی سیکیورٹی پہلے ہی واپس لی جاچکی ہے۔
بابر سلیم سواتی نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر منتخب نمائندوں کی سیکیورٹی واپس لینے سے انہیں سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر سیکیورٹی واپس لینے کے نتیجے میں کسی رکن اسمبلی کو نقصان پہنچا یا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر متعلقہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے زور دیا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ان کی سیکیورٹی سے متعلق قانونی تقاضوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔








