بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ہے، اویس لغاری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں متعلقہ ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (ای پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے، جس سے بجلی چوری کی روک تھام میں مدد ملے گی اور دیگر صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو ریلیف نہیں دیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق 30 فیصد یا اس سے زیادہ لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے صارفین کو بھاری بھرکم بجلی بلوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
اویس لغاری نے بتایا کہ ای پی ایم ایس کے ذریعے بجلی چوری والے علاقوں کے متعلقہ ٹرانسفارمرز کو بند کیا جا سکے گا، جس سے اسی فیڈر پر موجود دیگر صارفین کو بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے بچانے میں مدد ملے گی۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسے بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ جنوری 2028 میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کینسر اسپتال، سیوریج اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت بجلی کی پیداوار مہنگی ہونے کا سبب بن رہی ہے۔








