خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کے لیے 72 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کے لیے 72 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری

پشاور: محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مالی سال 2026-27 کی دوسری سہ ماہی، اکتوبر سے دسمبر کے لیے صوبے کی تحصیل میونسپل انتظامیہ (ٹی ایم ایز) کو 72 کروڑ 92 لاکھ 32 ہزار 500 روپے کے فنڈز جاری کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع کی ٹی ایم ایز کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں ایبٹ آباد، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔

ضم شدہ اضلاع کی 25 تحصیل میونسپل انتظامیہ کے لیے بھی دوسری سہ ماہی کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جن کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 79 لاکھ روپے ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق جاری کردہ فنڈز متعلقہ ٹی ایم ایز کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں گے تاکہ بلدیاتی ادارے اپنے متعلقہ امور انجام دے سکیں۔

تاہم اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان فنڈز کو ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فنڈز کا اجرا بلدیاتی اداروں کے مالی معاملات چلانے اور متعلقہ انتظامی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت صوبے بھر کی تحصیل میونسپل انتظامیہ کو مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

More News