دبئی: شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، آگ پر قابو، آپریشنز معطل
ویب ڈیسک
متحدہ عرب امارات میں واقع اہم توانائی تنصیب شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت فیلڈ میں تمام سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ فضائی حدود بھی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ابوظہبی حکام کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس پر ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تنصیب میں کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ گیس فیلڈ ملک کی اہم توانائی تنصیبات میں شامل ہے اور یہاں پیدا ہونے والی گیس قومی توانائی کے نظام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔








