صوابی میں 539 اسکولوں کا سیفٹی آڈٹ مکمل، 36 غیر محفوظ قرار، 30 سیل

صوابی میں 539 اسکولوں کا سیفٹی آڈٹ مکمل، 36 غیر محفوظ قرار، 30 سیل

صوابی میں اسکولوں کی عمارتوں کا اسٹرکچرل سیفٹی آڈٹ اور تکنیکی معائنہ مکمل کر لیا گیا، جس کے دوران 36 اسکولوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا جبکہ 30 اسکولوں کو سیل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر صوابی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع کی چاروں تحصیلوں میں تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 539 اسکولوں کی عمارتوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں 193 سرکاری اور 346 نجی اسکول شامل ہیں۔

معائنہ کیے گئے اداروں میں 296 پرائمری، 80 مڈل، 110 ہائی اور 53 ہائیر سیکنڈری اسکول شامل تھے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق 392 اسکولوں کو محفوظ قرار دیا گیا، جبکہ 36 اسکولوں کی عمارتیں غیر محفوظ پائی گئیں۔ اس کے علاوہ 111 اسکولوں کی عمارتوں کو مرمت کی ضرورت قرار دیا گیا۔

انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت 30 اسکولوں کو سیل کر دیا، جبکہ 5 اسکولوں کو دیگر اسکولوں یا عمارتوں میں منتقل کرکے ایڈجسٹ کیا گیا۔ مزید برآں، 78 کمروں کو سیل کیا گیا اور 70 کمروں کو خالی کرا کے طلبہ کو متبادل کمروں میں منتقل کر دیا گیا۔

اسٹرکچرل سیفٹی آڈٹ کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانا اور غیر محفوظ عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کی روک تھام ہے۔

More News