خیبر پختونخوا میں کالج کیڈر کے 58 اسسٹنٹ پروفیسرز ترقی پا کر ایسوسی ایٹ پروفیسر بن گئے

خیبر پختونخوا میں کالج کیڈر کے 58 اسسٹنٹ پروفیسرز ترقی پا کر ایسوسی ایٹ پروفیسر بن گئے

پشاور :محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبر پختونخوا نے کالج کیڈر کے 58 مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ 18 سے گریڈ 19 میں ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ترقیوں کی منظوری صوبائی سلیکشن بورڈ ون (پی ایس بی-I) کی سفارشات کی روشنی میں دی گئی، جس کا اجلاس 27 اگست 2026 کو منعقد ہوا تھا۔ نوٹیفکیشن پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبر پختونخوا کے دستخط موجود ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ترقی پانے والے اساتذہ کو فوری طور پر گریڈ 19 میں ترقی دی گئی ہے، تاہم ان کی نئی تعیناتیوں اور تبادلوں سے متعلق احکامات بعد میں جاری کیے جائیں گے۔ تمام ترقی پانے والے افسران ایک سال کی آزمائشی مدت (پروبیشن) پر رہیں گے، جس کے دوران ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ مدت خیبر پختونخوا سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 6(2) اور خیبر پختونخوا سول سرونٹس (تعیناتی، ترقی اور تبادلہ) رولز 1989 کے رول 15(1) کے تحت مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ شرائط پوری ہونے پر افسران کی ملازمت کی مستقلی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ترقی پانے والے اساتذہ صوبے کے مختلف سرکاری کالجز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نئی تعیناتیوں اور تبادلوں کے احکامات جاری ہونے کے بعد ان کی آئندہ ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے نوٹیفکیشن کی نقول اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا، ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی ہیں۔

ترقی پانے والے اساتذہ کے نام

محکمہ کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ترقی پانے والوں میں زارے خان، اعجاز الدین خان، بخت زادہ، امتیاز خان، محمود الحسن، ڈاکٹر محمد علی، بخت منیر، حضرت علی، وارث خان، ساجد احمد، نیاز الرحمن، نعمان حمید آفریدی، محمد عمران خان، یوسف خان، محمد عارف، محمد سعید، شکیل احمد، محمد شفیق، محمد اعجاز، محمد امجد خان، محمد نیاز، ڈاکٹر ساجد خان، ڈاکٹر نعیم اللہ خان، فضل واحد، فرید احمد خان، سید خورشید احمد، واجد خان، محمد رفیق، ناصر علی، جاوید اقبال، وحید جان، بشیر احمد، اختر سلیم، ڈاکٹر اکبر علی، نعمان عالم، عمران خان، نامدار عالم، عبید الرحمن، اطہر حسین، مہران اللہ، ولایت خان، عبدالملک، ممتاز حسین، گلاب شاہ، علی احمد، عارف اللہ خان، عابد سجاد علی خان، ظہیر اشرف خان، ریاض محمد، آصف خان، ڈاکٹر افتخار الدین، سیف الرحمن، یاسر جادون، فضلی مقیم، محمد فاروق، نوید احمد، فرحان انجم اور خان زادہ شامل ہیں۔

ان ترقیوں سے کالج کیڈر کے سینئر تدریسی عملے میں اضافہ ہوگا اور اساتذہ کو اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دینے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔


More News