تبت میں 7 شدت کا تباہ کن زلزلہ، 16 افراد ہلاک، 54 زخمی، 300 سے زائد مکانات منہدم
چین کے خودمختار علاقے تبت میں 7 شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہوگئے، جبکہ 300 سے زائد مکانات منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور بجلی کی فراہمی بھی بڑے پیمانے پر معطل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ جمعرات کی شب تبت کے پہاڑی علاقے میں آیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق زلزلے کا مرکز ناگچو خطے کی باچین کاؤنٹی میں تھا۔ متاثرہ کاؤنٹی تبت کے دارالحکومت لہاسا سے تقریباً 400 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
زلزلے کے بعد حکام نے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کردیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹیمیں منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے کا جائزہ لینے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جبکہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بندش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔








