دہشت گرد جہاں بھی ہوں، بھرپور جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

دہشت گرد جہاں بھی ہوں، بھرپور جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں، انہیں بھرپور جواب دیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور سیکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں مسلسل چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی اور ان عناصر کو جہاں بھی پایا گیا، نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے نظریے کو شکست دے گا۔

More News