اے آئی کے گاڈ فادر جیفری ہنٹن کا اعتراف، شاید اس ٹیکنالوجی کے بغیر دنیا بہتر ہوتی

اے آئی کے گاڈ فادر جیفری ہنٹن کا اعتراف، شاید اس ٹیکنالوجی کے بغیر دنیا بہتر ہوتی

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرنے والے معروف سائنسدان جیفری ہنٹن نے اعتراف کیا ہے کہ شاید انسانیت کے لیے بہتر ہوتا کہ مصنوعی ذہانت کی یہ ٹیکنالوجی تیار ہی نہ کی جاتی۔ انہیں اے آئی کا گاڈ فادر کہا جاتا ہے اور 2024 میں مشین لرننگ سے متعلق تحقیق پر فزکس کا نوبیل انعام بھی دیا گیا تھا۔

ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے یونیورسٹی آف ٹورنٹو سے وابستہ سائنسدان نے خبردار کیا کہ اے آئی رواں سال کے اختتام یا اگلے سال کسی بڑے واقعے کا سبب بن سکتی ہے، جس میں مالیاتی نظام یا بجلی کے نظام میں بڑے پیمانے پر تعطل بھی شامل ہو سکتا ہے۔

جیفری ہنٹن کے مطابق مصنوعی ذہانت مستقبل میں غیر معمولی فوائد فراہم کر سکتی ہے، تاہم اس کے خطرات بھی سنگین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلی ایک دہائی میں یہ واضح ہو جائے گا کہ انسانیت اس ٹیکنالوجی کے خطرات پر قابو پانے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اے آئی کے پھیلاؤ سے امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھ سکتا ہے، جبکہ بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور ثقافتی مسائل معاشرتی تقسیم میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

ہنٹن نے اے آئی ایجنٹس کی جانب سے حقیقی کمپنیوں کے سسٹمز تک غیر مجاز رسائی اور ہیکنگ کے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق جیسے جیسے اے آئی ماڈلز زیادہ ذہین ہوں گے، انہیں کنٹرول کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے سائبر حملوں کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کو صرف ایک مرتبہ کامیابی درکار ہوتی ہے، جبکہ دفاع کرنے والوں کو ہر وقت کامیاب رہنا پڑتا ہے۔

جیفری ہنٹن 2023 میں گوگل کی ملازمت چھوڑنے کے بعد سے اے آئی کے ممکنہ خطرات کے بارے میں مسلسل خبردار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی طب سمیت مختلف شعبوں میں انقلاب لا سکتی ہے، تاہم اس کی ترقی کے ساتھ حفاظتی اقدامات اور محتاط نگرانی بھی ضروری ہے۔

More News