اسلام آباد میں مین ہیٹن جیسا جدید شہر بسانے کا اعلان، سرمایہ کاروں کو قیمتی پلاٹس مفت دینے کی تجویز

اسلام آباد میں مین ہیٹن جیسا جدید شہر بسانے کا اعلان، سرمایہ کاروں کو قیمتی پلاٹس مفت دینے کی تجویز

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں مین ہیٹن جیسا جدید شہر بسانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے منصوبے کے تحت سرمایہ کاروں کے لیے شاپنگ مالز اور رہائشی کمپلیکسز کی تعمیر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ مجوزہ شہر پرائم منسٹر ہاؤس کے عقب میں تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کے تحت انتہائی قیمتی پلاٹس کی نیلامی دسمبر میں ہوگی۔

وزیر داخلہ کے مطابق سرمایہ کاروں کو شاپنگ مالز اور رہائشی کمپلیکسز کی تعمیر کے لیے پلاٹس بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں گے، تاہم اس کے لیے دو بنیادی شرائط رکھی گئی ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ منصوبے کو تین سال کے اندر مکمل کرنا ہوگا، جبکہ دوسری شرط کے تحت ہر عمارت کی اونچائی 600 فٹ سے زیادہ ہونی چاہیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تمام معاملات ون ونڈو نظام کے تحت نمٹائے جائیں گے تاکہ انہیں مختلف مراحل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے سرمایہ کار اس منصوبے میں دلچسپی لیں گے، جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

More News