خیبرپختونخوا میں ڈپٹی کمشنرز کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کے تحت اختیارات تفویض
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو آرڈیننس کے سیکشن 3 کی ذیلی دفعہ 1 کے تحت اختیارات دیے گئے ہیں، جبکہ سیکشن 3 کی ذیلی دفعہ 2 کے تحت انہیں حکومت کے ملازمین بھی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ضلع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کی جانب سے مذکورہ آرڈیننس کے تحت کیس بھیجے جانے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر فوری کارروائی کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو یہ اختیارات فوری طور پر تفویض کیے گئے ہیں۔ یہ اقدام صوبے میں نافذ ایمرجنسی کے تناظر میں وفاقی حکومت کے احکامات کے تحت کیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جس کے بعد متعلقہ ڈپٹی کمشنرز آرڈیننس کے تحت تفویض کردہ اختیارات استعمال کر سکیں گے۔








