میاں چنوں میں مبینہ طور پر والد کے تشدد سے 6 سالہ بچہ جاں بحق
میاں چنوں: نواحی علاقے میں مبینہ طور پر والد کے تشدد سے چھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بچے کے جسم پر سگریٹ سے داغنے کے نشانات بھی موجود ہیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق بچے کی والدہ حیات نہیں تھیں اور وہ اپنے چچا اور چچی کے ساتھ رہتا تھا۔ چند روز قبل اس کا والد اسے اپنے گھر لے گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا مؤقف ہے کہ بچہ سیڑھیوں سے گرنے اور گرم چائے سے جھلسنے کے باعث زخمی ہوا۔ تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کے جسم پر گرم چائے سے جھلسنے کے نشانات نہیں ملے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ڈی پی او میاں چنوں اور تھانہ چھب کلاں کی پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔








