پاک چین دوستی کی داستانیں درہ خنجراب سے گوادر اور کراچی تک پھیلی ہیں، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور پاک چین دوستی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے، دونوں ممالک کے عوام میں باہمی سمجھ بوجھ بڑھانے اور ڈیجیٹل دور میں مشترکہ ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر سی پیک مشترکہ مستقبل کا جسم ہے تو انفارمیشن کوریڈور اس کی آواز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی داستانیں درہ خنجراب سے گوادر، کراچی اور ملک کے دیگر حصوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اس تاریخی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں معلومات کے تبادلے، رابطوں اور بیانیے پر خودمختاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انفارمیشن کوریڈور حقائق پر مبنی معلومات کے تبادلے، باہمی اعتماد اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کے 2015 میں دورۂ پاکستان نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور سی پیک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلات کے شعبوں میں پیش رفت ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ درہ خنجراب کے راستے بچھائی گئی فائبر آپٹک کیبل نے پاکستان اور چین کو ڈیجیٹل طور پر براہِ راست منسلک کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع بھی سامنے آئیں گے۔








