ظالم کتنا ہی امیر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں سفارش کا دور ختم ہوچکا ہے اور کوئی بھی شخص خواہ کتنا ہی امیر یا بااثر کیوں نہ ہو، قانون سے بالاتر نہیں۔ عوام پر ہاتھ اٹھانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
منڈی بہاؤالدین کی یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے والوں کو جرائم سے باز آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجرم خواہ ان کی اپنی جماعت سے تعلق رکھتا ہو، اسے بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے پٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو اگلے ہی روز ضمانت مل گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کرکے ایسے معاملات میں سزا اور انصاف کے حوالے سے بات کریں گی۔ ان کے مطابق پنجاب میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے اور امن و امان بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ، الیکٹرک بسوں، کروم بکس اور اسکالرشپس سمیت تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور پاکستان سے وفاداری کا عہد نبھائیں۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے منڈی بہاؤالدین کے کالجوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات میں ہونہار اسکالرشپ کے چیکس اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی وظائف اور لیپ ٹاپ کی تقسیم میں میرٹ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔








