رات کے اندھیرے میں بزدلانہ وار کرنے والے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، ثمر ہارون بلور
پشاور: جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ بازار اور عام شہری آبادی پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر کی رات انگور اڈہ کے مقامی بازار اور شہری آبادی پر مارٹر گولے داغے گئے، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ گولہ باری سے مقامی دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار افغان طالبان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کردیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج کی فوری اور فیصلہ کن کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں پر حملوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں اور پاکستانی قوم دشمن کے عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ افواج پاکستان کو ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کرنے والے کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ملک کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔








