ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا
اسلام آباد:ویب ڈیسک
ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مختلف شہروں میں وقار اور احترام کے ساتھ پرچم کشائی کی سادہ تقریبات منعقد کی گئیں۔
صدر آصف علی زرداری نے قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اتحاد اور قومی عزم کی اہمیت کا درس دیتا ہے، جس کی بدولت پاکستان نے قیام کے بعد درپیش چیلنجز پر قابو پایا اور مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنایا، جوہری طاقت حاصل کی اور دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں کامیابیاں سمیٹیں، جبکہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم قیادت نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود ملک کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے اور مثبت اقتصادی اشاریے اس کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب یومِ پاکستان کی 86ویں سالگرہ پر مسلح افواج نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف ظہیر بابر کے پیغام میں کہا گیا کہ 23 مارچ قومی عزم، ایمان اور استقامت کی علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان جمہوریت کے سائے تلے ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ جاری ہے۔ مسلح افواج اور عوام دشمن کے خلاف متحد ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔








