خیبرپختونخوا حکومت کا معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے جامع پلان کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت کا معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے لیے جامع پلان کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا میں عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے گورنر انتظامیہ نے جامع حکمت عملی پیش کر دی ہے۔ منصوبے کو دو حصوں، 100 روزہ ہنگامی پلان اور 180 روزہ طویل المدتی ڈیجیٹل پلان میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کا مقصد خوراک کے معیار کو بہتر بنانا اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت صوبے بھر میں سلاٹر ہاؤسز، گوشت کی دکانوں اور پھل و سبزی منڈیوں میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

حکمت عملی کے مطابق 40 سلاٹر ہاؤسز میں بین الاقوامی معیار کے مطابق آپریشنز نافذ کیے جائیں گے، جبکہ 200 گوشت کی دکانوں اور 30 پھل و سبزی منڈیوں اور دکانوں پر محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

100 روزہ ہنگامی منصوبے کے لیے 66.28 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جنہیں ابتدائی 30 دنوں میں استعمال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے تاکہ عملی اقدامات کے ذریعے فوری نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

دوسری جانب 180 روزہ طویل المدتی منصوبے کے تحت ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی سطح پر ڈیجیٹل پورٹل اور موبائل ایپ قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے فوڈ ٹیسٹنگ، معائنوں اور خوراک میں ملاوٹ سے متعلق شکایات کو آن لائن درج کرنے اور ان کے ازالے میں مدد ملے گی۔

اس ڈیجیٹل منصوبے کے لیے ابتدائی 60 دنوں میں 2 ملین روپے کے فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ حکمت عملی پر مؤثر عمل درآمد سے خوراک کے معیار میں بہتری اور صارفین کے تحفظ کو فروغ دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

More News