امریکا اور ایران معاہدے کے قریب، قطری ثالث دوبارہ تہران پہنچ گئے
امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آگئی ہے، قطر کے ثالث ایک بار پھر تہران پہنچ گئے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق قطر کی ثالثی میں جاری سفارتی رابطے امریکی حکام کے ساتھ ہم آہنگی سے کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ترکیہ میں امریکی سفیر ٹام بیرک نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کسی معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
ٹام بیرک کا کہنا تھا کہ فریقین مذاکرات کے طریقہ کار پر اتفاق کے قریب ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے معاملے کا فوری اور مکمل حل ممکن نہیں، تاہم کشیدگی میں کمی لا کر خطے کو مسائل کے حل کے لیے وقت دیا جاسکتا ہے۔
امریکی سفیر نے مذاکراتی عمل میں قطر، پاکستان اور دیگر اتحادی ممالک کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان ممالک نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اہم کوششیں کی ہیں۔








