گورنر خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پشاور کی ترقی و بحالی سے متعلق اہم اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پشاور کی ترقی و بحالی سے متعلق اہم اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور کے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی ترقی و بحالی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر کو پشاور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت، تاریخی مقامات اور ورثے کے تحفظ و بحالی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں نائٹ ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور صدیوں پر محیط تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا ایک زندہ ورثہ ہے، شہر کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرکے اسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گورگٹھڑی میں موجود ونٹیج ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی پرانی گاڑیوں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سیاح انہیں دیکھ سکیں۔ پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے خصوصی سیاحتی بسیں چلانے پر بھی توجہ دی جائے۔

گورنر نے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پشاور کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے متعلق بڑے معلوماتی بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ شہر آنے والے سیاحوں کو اس کے تاریخی تشخص سے آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی ثقافت، فنون اور ادبی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔ دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے۔

گورنر نے کہا کہ پشاور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے، تاریخی مقامات کی بحالی اور سیاحتی سہولیات کی فراہمی سے شہر کی ثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

More News