واڑی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر صادق علی نے کیٹیگری سی ہسپتال واڑی کا اچانک دورہ کیا، جہاں معائنے کے دوران تین اہلکار ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اے ڈی سی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر صادق علی نے ڈیوٹی روسٹر، حاضری ریکارڈ، لیبارٹری، ایمرجنسی وارڈ، کیجولٹی وارڈ اور میڈیکل اسٹور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور انتظامی امور کا مشاہدہ کیا۔
معائنے کے دوران تین اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غیر حاضری سامنے آنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام طبی اور انتظامی عملے کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
ڈاکٹر صادق علی نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ سرکاری ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔








