ایپل کا آئی فون کے نئے آپریٹنگ سسٹم کے اجرا کا اعلان، متعدد مصنوعی ذہانت کے فیچرز شامل ہوں گے
کیلیفورنیا: ایپل نے آئی فون کے نئے آپریٹنگ سسٹم کے پہلے ڈویلپر بیٹا ورژن کی ریلیز کا اعلان کردیا، نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے چین میں صارفین کو مصنوعی ذہانت کی متعدد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے مطابق نیا بیٹا ورژن چار نومبر کو جاری کیا جائے گا، تاہم امریکا میں وقت کے فرق کے باعث یہ تین نومبر کو بھی دستیاب ہوسکتا ہے۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹم کا حتمی ورژن دسمبر میں تمام صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا، تاہم اس کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔
نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے چین میں آئی فون کے پندرہ پرو اور اس کے بعد آنے والے ماڈلز پر ایپل کی مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد فیچرز فعال کیے جائیں گے۔ ان سہولیات میں تحریر کی اصلاح، منفرد ایموجیز بنانے، تصاویر سے غیر ضروری اشیا ہٹانے اور نوٹیفکیشنز کا خلاصہ تیار کرنے کے فیچرز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین کو اہم نوٹیفکیشنز کی ترجیحی ترتیب، بصری معلومات کی شناخت اور ایئر پوڈز کے ذریعے مختلف زبانوں کے فوری ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
تاہم ایپل نے واضح کیا ہے کہ چین میں صارفین کو اس اپ ڈیٹ کے ذریعے سری کے نئے مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز دستیاب نہیں ہوں گے۔ اسی طرح امیج پلے گراؤنڈ سمیت ایپل انٹیلی جنس کی بعض دیگر سہولیات بھی اس خطے میں فراہم نہیں کی جائیں گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ایپل کی جانب سے مختلف ممالک میں مصنوعی ذہانت کی سہولیات متعارف کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔








