خیبرپختونخوا حکومت کا دھماکہ خیز مواد کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے صوبائی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں دھماکہ خیز مواد کی نگرانی، ضابطہ بندی اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کے لیے صوبائی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے صوبائی ایکسپلوسوز کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اینڈ اوورسائٹ کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کا بنیادی مقصد دھماکہ خیز مواد اور اس سے متعلقہ اجزا کی محفوظ اور قانونی نقل و حرکت، استعمال اور انتظامی امور کی نگرانی یقینی بنانا ہے۔ اسپیشل سیکریٹری محکمہ زراعت کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ داخلہ، محکمہ صنعت اور صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی اس میں شامل کیے گئے ہیں۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ صنعت، ڈائریکٹر صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران شامل ہوں گے۔ صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو کمیٹی کا رکن اور سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی صوبے بھر میں دھماکہ خیز مواد سے متعلق معاملات کی نگرانی، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ وفاقی حکومت، نیشنل ایکسپلوزوز اینڈ پیٹرولیم سیفٹی ایجنسی، نیکٹا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہدایات پر بھی عملدرآمد کی نگرانی کی جائے گی۔
کمیٹی کی ذمہ داریوں میں متعلقہ قوانین، قواعد، پالیسیوں اور معیاری طریقہ کار کی پابندی یقینی بنانا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی محکموں، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی فوری طور پر فعال ہوگی اور آئندہ احکامات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی۔








