خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تیار، الیکشن کمیشن کے اعلان کا امکان

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تیار، الیکشن کمیشن کے اعلان کا امکان

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے رواں ہفتے انتخابی شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔ صوبے میں موجودہ بلدیاتی سیٹ اپ نے بھی انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریاں تیز کردی ہیں۔

انتخابی سرگرمیوں کے آغاز سے قبل ممکنہ امیدواروں کی اہلیت اور سابقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا معاملہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق درجنوں ممکنہ امیدواروں کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مختلف سرکاری محکموں کی تحقیقات اور الزامات کا سامنا کرنے والے سابق بلدیاتی نمائندے بھی جانچ پڑتال کے دائرے میں آسکتے ہیں، جبکہ نئے امیدواروں کے کوائف اور ماضی کے ریکارڈ کی چھان بین کا عمل بھی سخت کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 9 مئی اور اسلام آباد احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں نامزد افراد کی انتخابی اہلیت سے متعلق پالیسی مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح اقدامِ قتل سمیت سنگین نوعیت کے پولیس مقدمات میں گرفتار اور ضمانت پر رہا ہونے والے افراد کے انتخابات میں حصہ لینے کے معاملے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

تاہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اہلیت یا نااہلی کا حتمی فیصلہ متعلقہ قوانین اور الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے مطابق کیا جائے گا۔

More News