ٹانک میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈپٹی کمشنر جمشید خان

ٹانک میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، ڈپٹی کمشنر جمشید خان

ٹانک: ڈپٹی کمشنر جمشید خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ریلیف بھی دیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک کے صدر سید شاہ کنڈی اور جنرل سیکرٹری کفایت اللہ پراچہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جمشید خان نے ضلع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی مسائل اور انتظامی اقدامات سے متعلق گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ پانی، صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام سرکاری افسران عوامی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھیں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ٹانک کے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ شہری اپنے مسائل اور مشکلات سے انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ان کے حل کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

More News