ایران کو خلیجی ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، عباس عراقچی

ایران کو خلیجی ممالک سے کوئی دشمنی نہیں، عباس عراقچی

قطر اور عمان کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک سے کوئی دشمنی نہیں اور تہران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

عباس عراقچی نے منگل کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انہوں نے واضح کیا تھا کہ ایران خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے خلاف کوئی دشمنی نہیں رکھتا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے قطر اور عمان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ بھی اپنا مکالمہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کے درمیان تعاون اور بات چیت علاقائی مسائل کے حل کے لیے اہم ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کا مقصد خطے میں ایسا نیا سکیورٹی نظام قائم کرنا ہے جس کی تشکیل اور نگرانی خود علاقائی ممالک کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی سلامتی کے معاملات میں بیرونی فوجی موجودگی کے بجائے مقامی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وفود کے دورہ تہران کے دوران علاقائی سکیورٹی کے نئے ڈھانچے اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان مذاکرات میں سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات ہوئی۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق چاروں ممالک نے مختلف سطحوں پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ خطے میں درپیش مسائل کا حل علاقائی تعاون کے ذریعے تلاش کیا جا سکے۔

عباس عراقچی نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کسی نئی کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے قطر کی ثالثی کی کوششوں اور عمان و سعودی عرب کے مؤقف کو بھی سراہا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال اور ایران کے علاقائی تعلقات کو اہمیت حاصل ہے۔ تہران کی جانب سے خلیجی ممالک کے ساتھ مذاکرات اور علاقائی سکیورٹی نظام کی تشکیل کی خواہش کو سفارتی سطح پر اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

More News