اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی عدم دلچسپی، اب تک صرف 39 نے کاغذات جمع کرائے
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی جانب سے غیر معمولی طور پر کم دلچسپی سامنے آئی ہے۔ 3 نومبر کی شام تک مجموعی طور پر صرف 39 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جبکہ اب تک 1665 کاغذات نامزدگی جاری کیے جا چکے ہیں۔
الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
اپیلٹ اتھارٹی 19 سے 23 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔ امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد کو بلدیاتی انتخابات کے لیے 125 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں 16 ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کر رہے ہیں۔
شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی، جبکہ غیر حتمی نتائج 21 سے 24 دسمبر تک مرتب کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں۔








