خیبر: اے آر ڈی سی ممبر ملک صلاح الدین کوکی خیل کی سرکاری افسران سے ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ
ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے ممبر ملک صلاح الدین کوکی خیل نے مختلف سرکاری محکموں کے افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں، جن میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سمیت محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ خیبر، محکمہ صحت، محکمہ زراعت ایکسٹینشن اور محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) بلڈنگز کے افسران سے ملاقات کی۔ متعلقہ حکام نے انہیں اپنے محکموں کے منصوبوں، اقدامات اور دیگر امور سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ملک صلاح الدین کوکی خیل نے کہا کہ تمام سرکاری اور ترقیاتی کام میرٹ، شفافیت اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دیے جائیں گے۔ انفرادی مفادات کے بجائے اجتماعی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اے آر ڈی سی ممبران کا بنیادی مقصد عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنا ہے۔ کونسل کا مقصد سیاسی سرگرمیوں کے بجائے حکومت کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کی نشاندہی، محرومیوں کے ازالے اور علاقے کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری محکموں کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ جمرود سب ڈویژن کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔








