چترال میں ہلکی بارش اور بالائی پہاڑوں پر برفباری، موسم سرد ہوگیا
چترال میں گزشتہ رات سے جاری ہلکی بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چترال کے مختلف علاقوں مڈک لشٹ، کالاش ویلیز اور گبور میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ طویل عرصے بعد بارش ہونے پر مقامی لوگوں اور سیاحوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔
چترال لوئر کے سیاحتی مقام گرم چشمہ اور دیگر وادیوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، جبکہ بالائی پہاڑوں پر برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح لواری ٹاپ پر بھی ہلکی برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
بارش اور برفباری کے نتیجے میں چترال کے قدرتی مناظر مزید دلکش ہوگئے ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں سرد موسم نے سردیوں کی آمد کا احساس بھی بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ چترال میں کافی عرصے بعد دوبارہ بارش ہوئی ہے، جس سے علاقے کے موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ سیاحتی مقامات پر آنے والے افراد کے لیے سرد موسم کے پیش نظر گرم کپڑوں اور سفری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔








