محمد عامر بطور برطانوی کھلاڑی افغانستان پریمیئر لیگ میں شامل، ایک لاکھ ڈالر معاوضہ ملے گا
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں وہ برطانوی کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ میں شرکت کریں گے۔
افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں محمد عامر کو قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک کے طور پر منتخب کرکے اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ اس انتخاب کے تحت انہیں ایک لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ ملے گا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق محمد عامر نے برطانوی شہریت کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی، جس کے بعد انہیں غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر ڈرافٹ میں شامل کیا گیا۔
محمد عامر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی تیز رفتار بولنگ اور شاندار کارکردگی کے باعث شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
افغانستان پریمیئر لیگ میں محمد عامر کی شمولیت کو لیگ کے لیے اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ قندھار واریئرز کو ان کے تجربے سے باؤلنگ کے شعبے میں مضبوطی ملنے کی توقع ہے۔








