پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا میں دہشتگردی بڑھی، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبے میں 13 سالہ دورِ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس عرصے کے دوران خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا اور امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران پیدا ہونے والے مسائل فوری طور پر حل نہیں ہوسکتے، تاہم صوبے میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
گورنر نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پولیس اصلاحات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پولیس کو جدید وسائل اور ضروری سہولیات فراہم کیے بغیر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا مشکل ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اصل مقصد ان علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ اور عوام کو امن فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔








