عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، امن کے قیام کے لیے ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، جن میں معصوم بچے، پولیس اہلکار، سیکیورٹی فورسز اور عام شہری بھی شامل ہیں۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی لہر نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے اور صوبے کے عوام نے امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور ذاتی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے میں امن اور ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل اور بچوں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کریں۔
گورنر خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنانا اور اس کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنا اولین ترجیح ہے۔ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔








