جعلی اور غیر مصدقہ خبریں آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہیں، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے آغاز کے بعد نشریاتی شعبے کے لیے ریگولیشن فریم ورک تشکیل دیا گیا، جبکہ موجودہ دور میں جعلی اور غیر مصدقہ خبریں سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بدلتے ہوئے منظرنامے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تیز رفتار ترقی کے باعث معلومات کی درستگی اور تصدیق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ غیر مصدقہ خبروں کی تیزی سے تشہیر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتی ہے، اس لیے ذمہ دارانہ صحافت اور مستند معلومات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مثبت اور تعمیری استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی جہاں اطلاعات کی ترسیل اور میڈیا کے شعبے میں نئے مواقع فراہم کر رہی ہے، وہیں اس کے ذمہ دارانہ استعمال پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کے اداروں اور متعلقہ حلقوں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں تاکہ عوام تک درست، قابل اعتماد اور بروقت معلومات پہنچائی جا سکیں۔








