وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کردیا، جس کا مقصد مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تعمیراتی کام اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ مصروف شاہراہوں پر گاڑیوں کے رش اور ٹریفک جام کے مسائل میں بھی کمی متوقع ہے۔
منصوبے کی تکمیل سے روزانہ اس راستے سے گزرنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی اور سفر کے دوران قیمتی وقت کی بچت بھی ہوگی۔ انڈر پاس کے ذریعے ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا، جس سے چوک پر گاڑیوں کی آمدورفت زیادہ منظم بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ 27 روز میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کی تکمیل کو شہری انفراسٹرکچر میں بہتری اور ٹریفک کے مسائل کم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔








