پی ڈی ایم اے کی بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری، 30 افراد جاں بحق، 85 زخمی
پشاور: کاشف عارف
صوبے میں 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے 4 اپریل 2026 تک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک 30 افراد جاں بحق جبکہ 85 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں سب سے زیادہ متاثر بچے ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 20 بچے، 5 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 36 مرد، 11 خواتین اور 38 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 140 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 115 گھروں کو جزوی جبکہ 25 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔
یہ افسوسناک واقعات صوبے کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارہ، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والا بارشوں کا نیا سلسلہ 4 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور پہاڑی سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا شکایت کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








