ایچ ای سی کا ڈیجیٹل ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ، 30 جون 2026 تک مکمل نفاذ متوقع
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی اسناد کی تصدیق کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مکمل طور پر ڈیجیٹل ڈگری اٹیسٹیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے بعد شہریوں کو اسناد کی تصدیق کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا سکیں گے۔
ایچ ای سی کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد تصدیقی عمل کو زیادہ مؤثر، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔ اس ڈیجیٹل سسٹم کے تحت درخواست دہندگان کو فزیکی طور پر دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ گھر بیٹھے اپنی درخواست آن لائن جمع کرا سکیں گے۔ صارفین اپنی درخواست کی ٹریکنگ بھی کر سکیں گے اور تصدیقی عمل کے ہر مرحلے سے باخبر رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی جبکہ موجودہ نظام میں پائی جانے والی تاخیر اور پیچیدگیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ ایچ ای سی کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کو 30 جون 2026 تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ایچ ای سی نے سی ایم پاک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ بھی کر لیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نئے نظام میں بلاک چین ٹیکنالوجی کو شامل کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ڈگریوں کی تصدیق محفوظ، ناقابلِ تبدیلی اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنیادوں پر کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق بلاک چین کے استعمال سے ڈیٹا کی سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا اور جعلی اسناد کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی نظام میں شفافیت کو فروغ دینے اور طلبہ و گریجویٹس کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ڈگریوں کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔








