خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت نے کانگو وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عید قربان سے قبل جاری کی گئی ایڈوائزری میں طبی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ممکنہ کیسز کی فوری نشاندہی اور روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ایڈوائزری کے مطابق اسپتالوں کو مشتبہ کانگو کیسز کے نمونے پبلک ہیلتھ لیبارٹریز میں بھیجنے اور ٹرپل پیکجنگ کے اصول پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس، دستانے اور دیگر پی پی ای کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

محکمہ صحت نے عوام کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے، خصوصاً مویشی پالنے والے افراد اور قصائی حضرات کو زیادہ خطرے میں قرار دیا گیا ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کانگو وائرس متاثرہ خون اور جسمانی رطوبتوں سے منتقل ہوتا ہے، اس لیے غیر محفوظ گوشت اور بیمار جانوروں سے دور رہنا ضروری ہے۔

ایڈوائزری میں مویشیوں میں چیچڑ (ٹک) کے خاتمے کے لیے اقدامات اور قبل از ذبح جانوروں کے معائنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو عید کے موقع پر خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

More News