بوسنیا کے حیات ٹی وی کا علامہ اقبال کو منفرد خراجِ عقیدت، خصوصی دستاویزی فلم نشر

بوسنیا کے حیات ٹی وی کا علامہ اقبال کو منفرد خراجِ عقیدت، خصوصی دستاویزی فلم نشر

یومِ اقبال کے موقع پر بوسنیا کے معروف ٹی وی چینل حیات ٹی وی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی، فکر اور فلسفے پر خصوصی دستاویزی فلم نشر کی ہے۔

سرائیوو سے نشر ہونے والی اس دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی ابتدائی زندگی، تعلیم، علمی سفر اور فکری ارتقا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم میں ان کے فلسفہ خودی، خود شناسی، خود اعتمادی اور انسانی صلاحیتوں کو بیدار کرنے کے پیغام کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی فکر و عمل پر اثرانداز ہونے والی اہم شخصیات، ان کی شہرۂ آفاق تصانیف اور مختلف علمی و ادبی شخصیات کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ علامہ اقبال کے علمی تجربات اور یورپی، بالخصوص جرمن فلسفے سے ان کے فکری تعلق کو بھی تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔

فلم میں علامہ اقبال کو ایسی عظیم فکری شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جن کا پیغام کسی ایک خطے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ حیات ٹی وی کی اس کاوش کے ذریعے علامہ اقبال کے آفاقی پیغام اور عالمی سطح پر ان کی فکری اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

More News