نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ شوہر کے خلاف درج

نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ شوہر کے خلاف درج، 302 کی دفعہ شامل

راولپنڈی: نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کی اینکر پرسن اور پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ ان کے شوہر احسن طاہر کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کرتے ہوئے قتل کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی متعلقہ دفعہ شامل کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق 41 سالہ ربیعہ احسن کو اتوار کی رات راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ، گلشن آباد سیکٹر 2 میں واقع ان کے گھر کے بیڈ روم میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر احسن طاہر نے ابتدائی طور پر فائرنگ کو حادثاتی قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں واقعے سے متعلق مختلف شواہد سامنے آنے پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے بھائی خرم احمد اسلام آباد سے اپنی بہن کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی دوسری بہن علوینہ نے فون کرکے گھر میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع دی۔ مدعی کے مطابق مقتولہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں کہ اچانک فائرنگ کی آواز سنائی دی۔

ایف آئی آر کے مطابق آواز سن کر علوینہ کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ احسن خون میں لت پت پڑی تھیں، جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔ مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ احسن طاہر نے فائرنگ کرکے ان کی بہن کو قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش کے گلے کے نیچے اور پشت پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اہم شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے موقع سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی قبضے میں لے لیں تاکہ واقعے کی مزید سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کی جا سکیں۔

پولیس کے مطابق ملزم احسن طاہر نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی اہلیہ پر فائر کیا تھا، تاہم وہ اسلحے کا لائسنس یا قانونی اجازت نامہ پیش نہیں کرسکا۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق احسن طاہر اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں، جبکہ مقتولہ ربیعہ احسن دو بیٹیوں کی والدہ تھیں۔ ان کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد صحافتی حلقوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران راولپنڈی میں خواتین کے قتل کا یہ دوسرا ہائی پروفائل واقعہ ہے، جس میں مقتولہ کے شوہر کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست کو 45 سالہ حنا جاوید کی لاش لال کرتی کے ایک اپارٹمنٹ کے باتھ روم سے مشکوک حالت میں ملی تھی۔ اس مقدمے میں بھی مقتولہ کے شوہر، سسر اور گھریلو ملازم کو نامزد کیا گیا تھا۔

More News