پشاور: فہد خان قتل کیس میں اہم پیش رفت، چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی

پشاور: فہد خان قتل کیس میں اہم پیش رفت، چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی

پشاور: اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واردات میں ملوث چاروں مبینہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی ہے جبکہ مرکزی ملزم کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، نقل و حرکت اور واردات کے بعد فرار ہونے کے راستوں کا بھی پتا لگا لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ قتل کی منصوبہ بندی باقاعدہ ریکی کے بعد کی گئی اور حملہ آوروں نے واردات سے قبل متعدد مرتبہ علاقے کا جائزہ لیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے یونیورسٹی ٹاؤن سے مقتول فہد خان کا تعاقب کیا۔ واردات میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان ملوث پائے گئے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی چاروں ملزمان کی دو موٹر سائیکلوں پر موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

تحقیقات کے مطابق مقتول عام طور پر بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، تاہم واردات کے روز ان کے اکیلے دفتر آنے کا حملہ آوروں نے فائدہ اٹھایا اور انہیں نشانہ بنایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے امکانات روکنے کے لیے سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق فہد خان کا قتل دیرینہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ پولیس اس پہلو سمیت دیگر ممکنہ محرکات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری سے متعلق باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

More News