پاکستان میں فضائی آلودگی تشویشناک حد تک بڑھ گئی، ملتان اور لاہور سرفہرست
پاکستان کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جبکہ دیوالی کی آتش بازی کے بعد لاہور سمیت پنجاب میں اسموگ کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی جانب سے جاری ہوانامہ رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر 2026 کے دوران ملتان میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 241 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو زیرِ جائزہ شہروں میں سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو عالمی ادارہ صحت کی مقررہ گائیڈ لائن سے 14.3 گنا زیادہ ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی انتہائی غیر صحت بخش درجے میں ریکارڈ کی گئی۔
اسی عرصے کے دوران کراچی میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 49 جبکہ اسلام آباد میں 65 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ یہ مقدار عالمی ادارہ صحت کی مقررہ حد سے بالترتیب 3.3 اور 4.4 گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں 11 نومبر تک لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح کم ہو کر 179 اور ملتان میں 123 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں یہ مقدار 65 اور اسلام آباد میں 71 تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دیوالی کی آتش بازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں نے لاہور سمیت پنجاب میں فضائی آلودگی میں اضافے میں کردار ادا کیا۔ پنجاب حکومت نے بھی بھارت سے آلودہ ہواؤں کے لاہور پہنچنے اور اسموگ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔








