مشفق الرحیم ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز بنانے والے پہلے بنگلادیشی بیٹر بن گئے
سلہٹ: بنگلادیش کے تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے بنگلادیش کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔
مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز کھانے کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈین اسپنر روسٹن چیز کی گیند پر ایک رن لے کر 7 ہزار رنز مکمل کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس تاریخی کامیابی کے لمحے سے بظاہر بے خبر تھے، تاہم ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں تو انہیں اپنے کارنامے کا احساس ہوا۔
مشفق الرحیم اس سے قبل بھی ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار اور 6 ہزار رنز بنانے والے پہلے بنگلادیشی بیٹر بن چکے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں 5 ہزار جبکہ 2024 میں 6 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔
بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں مومن الحق 5 ہزار 293 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ریٹائرڈ تمیم اقبال تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ مومن الحق اور مشفق الرحیم کے درمیان تقریباً 2 ہزار رنز کا فرق ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی مشفق الرحیم کے پاس ہے۔ انہوں نے اب تک 14 سنچریاں اسکور کی ہیں، جبکہ مومن الحق 13 اور تمیم اقبال 10 سنچریوں کے ساتھ ان کے بعد موجود ہیں۔ مشفق الرحیم کا ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین انفرادی اسکور 219 ناٹ آؤٹ ہے۔ تاہم جاری سلہٹ ٹیسٹ میں توحید ہردوئے نے 242 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیل کر بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
مشفق الرحیم نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب وہ بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹر بھی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سلہٹ ٹیسٹ ان کے کیریئر کا 107واں ٹیسٹ میچ ہے۔ وہ نومبر 2025 میں 100 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے پہلے بنگلادیشی کھلاڑی بھی بنے تھے۔
ابتدائی کیریئر میں مشفق الرحیم نچلے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے ساتھ وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ابتدائی ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 20 میچز کھیلنا پڑے، تاہم وقت کے ساتھ ان کی کارکردگی اور ٹیم میں کردار مزید مضبوط ہوتا گیا۔ 2011 میں کپتانی ملنے کے بعد ان کے رنز بنانے کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا۔
انہوں نے 6 ہزار سے 7 ہزار ٹیسٹ رنز تک پہنچنے کے لیے صرف 25 اننگز کھیلیں۔ مشفق الرحیم ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 ہزار 697 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار 495 رنز بھی بنا چکے ہیں، تاہم وہ دونوں مختصر فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔







