مشکوک ویزے پر ترکیہ جانے والا مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ سے آف لوڈ
اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ترکیہ جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات اور ویزے کے مبینہ غلط استعمال کے شبہے میں آف لوڈ کردیا۔ مسافر کے 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے عوض ویزا خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر قطر ایئرویز کی پرواز نمبر QR-615 کے ذریعے ترکیہ روانہ ہو رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران پروفائلنگ کی بنیاد پر اس کی سفری دستاویزات اور سفر کے مقصد میں تضادات سامنے آئے، جبکہ وہ ترکیہ جانے کی تسلی بخش وجہ بھی پیش نہ کرسکا۔
مزید جانچ پڑتال کے دوران مسافر کے موبائل فونز اور سفری دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس سے انکشاف ہوا کہ اس نے ایک ایجنٹ سے 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے عوض این جی او / کاپ 31 ویزا حاصل کیا تھا۔ ایجنٹ نے اسے یقین دہانی کرائی تھی کہ مذکورہ ویزے پر ترکیہ میں ملازمت بھی کی جاسکتی ہے، حالانکہ یہ ویزے کی شرائط کے خلاف تھا۔ مسافر HOPE این جی او کا رکن بھی نہیں تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق واٹس ایپ چیٹس اور موبائل ڈیٹا کے تجزیے سے ایجنٹ کے ساتھ رابطوں اور ویزے کے مبینہ غلط استعمال کے شواہد ملے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایجنٹ نے امیگریشن کلیئرنس کے لیے ایف آئی اے افسران کو ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت دینے کی ہدایت کی تھی۔
ایف آئی اے نے مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا ہے۔







