بونیر: پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن
بونیر: پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر محمد عتیق شاہ کی خصوصی ہدایات پر بازار میں ٹریفک قوانین اور گاڑیوں کے قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پیربابا انسپکٹر افسان خان، ایڈیشنل ایس ایچ او بخرور سید باچا، اے ایس آئی شیراز خان اور ٹریفک پولیس کی نگرانی میں خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے، جس کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
مہم کے دوران گاڑیوں کے کالے شیشوں، غیر قانونی فینسی اور لیزر لائٹس، غیر مجاز ایمرجنسی سائرن، پریشر ہارن اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈی پی او بونیر محمد عتیق شاہ نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے یہ مہم کسی مخصوص مدت تک محدود نہیں ہوگی بلکہ خلاف ورزیوں کے خاتمے تک مسلسل جاری رکھی جائے گی۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں میں غیر قانونی تبدیلیوں سے گریز کریں۔ پولیس کے مطابق محفوظ سڑکوں، پُرامن بازاروں اور قانون کی بالادستی کے لیے شہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے۔








