جمرود کے تعلیمی اداروں میں یومِ اقبال کی تقریبات، طلبہ نے شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کیا
خیبر: جمرود کے مختلف تعلیمی اداروں میں شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے ملی نغموں، تقاریر، کلامِ اقبال اور ٹیبلو پیش کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 نومبر 2026ء کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر مصری خان نے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 جمرود اور گورنمنٹ پرائمری اسکول میر احمد شاہ جمرود کا دورہ کیا اور وہاں منعقدہ تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسر جمرود واجد محمد، تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریبات کے دوران طلبہ نے علامہ اقبال کی شاعری، تقاریر، ملی نغموں اور مختلف ٹیبلو کے ذریعے ان کی فکر اور خدمات کو اجاگر کیا۔ بچوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقبال کے پیغامِ خودی، خوداعتمادی اور حب الوطنی کو نمایاں کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او خیبر مصری خان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال محض ایک عظیم شاعر نہیں بلکہ مسلمانوں کے فکری رہنما بھی تھے، جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں کو خودی، خوداعتمادی اور آزادی کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد، محنت اور مسلسل جدوجہد کی ترغیب دیتا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ شاہین کی طرح بلند حوصلہ رکھیں اور زندگی میں بڑی منزلیں حاصل کرنے کا عزم پیدا کریں۔
مصری خان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد صرف کتابی علم حاصل کرنا نہیں بلکہ کردار سازی، اخلاقی اقدار اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اتحاد، امید، یقین اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈی ای او خیبر نے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ نئی نسل میں اقبال کے افکار، خوداعتمادی اور قومی جذبے کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق اگر نوجوان اقبال کی تعلیمات پر عمل کریں تو پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ کو سراہا گیا، جبکہ کامیاب تقریبات کے انعقاد پر پرنسپلز، ہیڈ ٹیچرز اور اسسٹنٹ سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسر جمرود سرکل ون کی کاوشوں کی بھی تعریف کی گئی۔ تقریبات کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔








