شہباز شریف سے پاکستانی خلا باز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی، جس میں قومی خلائی مشن میں ان کی کامیابیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے مل کر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا خلائی تحقیق کے لیے جانا پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ان دونوں خلا بازوں بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہے ہیں۔ شبانہ روز محنت اور لگن کے نتیجے میں آپ نے جو مقام حاصل کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاک چین تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی تعاون کے ذریعے اس خلائی سفر کا آغاز دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی آسمان کی بلندیاں چھوتے ہوئے اب ستاروں پر کمند ڈالنے کے لیے تیار ہے، اور خلائی تحقیق میں اشتراک دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ملاقات میں سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ، چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی شریک تھے۔
چینی سفیر نے وزیراعظم کی گفتگو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیق کے میدان میں دونوں ممالک کا تعاون خوش آئند ہے اور اس سے سائنسی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور خلائی سائنس کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔
خلاباز خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خلاء میں تحقیق کے فرائض انجام دینا ان کے لیے باعثِ عزت اور منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے دونوں خلا بازوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔








