مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، تینوں ممالک کی شراکت داری کی علامت ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ تینوں ممالک کی شراکت داری اور علاقائی امن کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان اس حوالے سے مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے غیر منصفانہ اطلاق سے تفریق پیدا ہوتی ہے، جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو موجودہ حالات میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی سکیورٹی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔








